خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ،صدر زرداری کاصدارتی فرمان جاری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق صدارتی فرمان کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 232(1) اور 234(1) کے تحت صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
صدارتی فرمان کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات اور پرتشدد کارروائیوں میں غیر معمولی اضافے کے پیشِ نظر یہ اقدام کیا گیا ہے۔ فرمان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد حملوں سے عوام کی جان و مال کو سنگین خطرات لاحق ہیں، جبکہ بنیادی ڈھانچے، سرکاری تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
حکم نامے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردی اور لاقانونیت کے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا کی رپورٹ میں بھی صوبے میں آئینی نظام کی ناکامی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
صدارتی فرمان کے مطابق خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال صوبائی حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوچکی ہے اور یہ صورتِ حال نہ صرف صوبے بلکہ پاکستان کی مجموعی سلامتی کے لیے بھی خطرہ قرار دی گئی ہے۔



