ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے جنگشاہی کے قریب 7/4 کے مقام سے نوجوان یامین شورو گزشتہ 21 روز سے پراسرار طور پر لاپتہ ورثا پريشان

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن\جانوڈاٹ پی کے) ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے جنگشاہی کے قریب 7/4 کے مقام سے نوجوان یامین شورو گزشتہ 21 روز سے پراسرار طور پر لاپتہ ہے، جس کے باعث اس کے اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ ورثاء کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت مختلف مقامات پر تلاش اور متعلقہ پولیس کو گمشدگی کی اطلاع دینے کے باوجود نوجوان کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اہل خانہ نے نوجوان کے مبینہ اغوا کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے حکام سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔
اس سلسلے میں یونین کونسل ڈومانی کے علاقے بگھاڑ موری کے قریب واقع گاؤں حاجی محمد علی شورو اور کوہستانی گاؤں گل شورو کے رہائشی بزرگ ولی محمد شورو نے اپنی برادری کے دیگر افراد کے ہمراہ ٹھٹھہ پہنچ کر صحافیوں کو بتایا کہ ان کا نوجوان بیٹا یامین ولد ولی محمد شورو 21 ستمبر کی رات جنگشاہی کے قریب کوہستان 7/4 کے مقام پر اپنی زمین پر کام کے دوران اچانک لاپتہ ہوگیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بیٹے کی گمشدگی کے بعد سے مسلسل تلاش جاری ہے اور متعلقہ پولیس کو بھی اطلاع دی گئی ہے، لیکن تاحال اس کے بارے میں کوئی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں ان کے بیٹے کو مبینہ طور پر اغوا کرکے کسی نامعلوم مقام پر قید نہ کردیا گیا ہو، جس سے اس کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
بزرگ ولی محمد شورو نے ایس ایس پی ٹھٹھہ، سیشن جج ٹھٹھہ، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ اور منتخب عوامی نمائندوں سمیت تمام متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ نوجوان یامین شورو کی تلاش کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اس کی گمشدگی کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کوئی اس واقعے میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹے کی گمشدگی نے پورے خاندان کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے اور گھر میں ہر طرف غم و پریشانی کی کیفیت ہے۔ اہل خانہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے نوجوان بیٹے کا سراغ لگاکر انہیں اس کرب سے نجات دلائی جائے۔



