وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بنکاک روانہ، آئی ایم ایف اور عالمی بینک اجلاسوں میں 60 سے زائد اہم ملاقاتیں شیڈول

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے بنکاک روانہ ہوگئے، جہاں وہ 12 سے 18 اکتوبر تک پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دورے کے دوران عالمی مالیاتی اداروں، بین الاقوامی سرمایہ کاروں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں اور مختلف ممالک کے حکام کے ساتھ 60 سے زائد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق دورے کا بنیادی مقصد عالمی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانا، پاکستان کے معاشی منظرنامے اور ساختی اصلاحات پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرنا اور ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف، عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحاتی اقدامات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ عالمی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے نمائندوں کے سامنے پاکستان میں سرمایہ کاری، برآمدات کے فروغ اور نجی شعبے کی ترقی کے مواقع بھی اجاگر کریں گے۔
دورے کے دوران سعودی عرب، چین، ترکیہ، ایران، برطانیہ اور تھائی لینڈ کے وزرائے خزانہ سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ان مذاکرات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر گفتگو ہوگی۔ امریکی محکمۂ خزانہ کے حکام سے بھی ملاقات متوقع ہے، جس میں اقتصادی تعاون اور اصلاحاتی ترجیحات زیر بحث آئیں گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق فچ ریٹنگز، موڈیز اور ایس اینڈ پی گلوبل جیسی عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی پیش رفت، اصلاحات اور مالیاتی استحکام کے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔
محمد اورنگزیب جے پی مورگن، سٹی، ڈوئچے بینک اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ سمیت عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد عالمی سرمایہ منڈیوں تک پاکستان کی رسائی کے امکانات اجاگر کرنا، مالیاتی تعاون بڑھانا اور ملکی سرمایہ کاری کے لیے مواقع تلاش کرنا ہے۔
اس کے علاوہ علی بابا انٹرنیشنل ڈیجیٹل کامرس کے نمائندوں سے ملاقاتوں میں ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، ڈیجیٹل تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
وزیر خزانہ جی-24 اور وی 20 سمیت اہم عالمی اقتصادی فورمز میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ موسمیاتی اقدامات، روزگار کے مواقع اور پائیدار ترقی سے متعلق اجلاسوں میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب ملک کی پیش رفت کو اجاگر کریں گے۔



