راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ، جلسوں، جلوسوں اور احتجاج پر پابندی عائد

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضلع راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی، جس کے تحت اجتماعات، جلسوں، جلوسوں، دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 10 اکتوبر سے 8 نومبر 2026 تک، مجموعی طور پر 30 روز کے لیے ہوگا۔ پابندی کا اطلاق ضلع راولپنڈی کی انتظامی حدود میں کیا جائے گا۔حکم نامے کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، ریلیوں، جلسوں، جلوسوں، دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اسلحے کی نمائش، نفرت انگیز تقاریر، ڈرون کے استعمال اور ون ویلنگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیاں 8 نومبر 2026 تک برقرار رہیں گی۔



