سیالکوٹ میں مبینہ موبائل چور کا انوکھا استقبال، دکانداروں نے ڈھول کی تھاپ پر خوش آمدید کہہ کر سب کو حیران کر دیا

سیالکوٹ (جانوڈاٹ پی کے) سیالکوٹ کے مصروف تجارتی علاقے مجاہد روڈ پر موبائل فون چوری کے ایک انوکھے واقعے نے شہریوں کی توجہ حاصل کر لی، جہاں دکانداروں نے مبینہ چور کو پکڑنے کے بعد سزا دینے کے بجائے اس کا غیر معمولی استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل مجاہد روڈ پر واقع ایک موبائل شاپ سے قیمتی موبائل فون چوری ہوگیا تھا۔ دکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں ایک نوجوان کو مبینہ طور پر موبائل فون چوری کرتے دیکھا گیا۔
واقعے کے چند روز بعد دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت نوجوان کو تلاش کر لیا۔ تاہم اسے پولیس کے حوالے کرنے یا تشدد کا نشانہ بنانے کے بجائے دکانداروں نے اسے ایک منفرد انداز میں خوش آمدید کہا۔
نوجوان کو ڈھول کی تھاپ پر خوش آمدید کہا گیا، اس کے گلے میں نوٹوں کا ہار پہنایا گیا، جبکہ مرغ پلاؤ اور مٹھائی سے تواضع بھی کی گئی۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ نوجوان مبینہ طور پر غربت کے باعث چوری کرنے پر مجبور ہوا، اس لیے انہوں نے اسے سخت سزا دینے کے بجائے پیار اور نرمی سے سمجھانے کا فیصلہ کیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر شہریوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ متعدد صارفین نے دکانداروں کے نرم رویے کو سراہا، جبکہ واقعے نے معاشرتی رویوں اور جرائم کی روک تھام میں اصلاحی طرزِ عمل کی اہمیت پر بھی بحث چھیڑ دی ہے۔



