کراچی پورٹ نے عالمی رابطہ انڈیکس میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا، تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا


کراچی (جانوڈاٹ پی کے) کراچی پورٹ نے عالمی بحری تجارت میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پورٹ لائنر شپنگ کنیکٹیویٹی انڈیکس میں تاریخ کی بلند ترین سطح حاصل کر لی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ کا شپنگ کنیکٹیویٹی انڈیکس بڑھ کر 356.8 تک پہنچ گیا ہے، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ انڈیکس میں مسلسل دوسری مرتبہ اضافہ کراچی پورٹ کی عالمی بحری رابطوں میں بڑھتی ہوئی اہمیت اور مستحکم ہوتی ساکھ کا عکاس ہے۔
کراچی پورٹ کے اپ گریڈ کیے گئے انفراسٹرکچر اور بہتر آپریشنل کارکردگی کے باعث عالمی سطح پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس پیش رفت سے بندرگاہ کی کارکردگی اور بین الاقوامی بحری تجارت میں اس کے کردار کو مزید تقویت ملی ہے۔
مین لائن ٹرانس شپمنٹ کی طلب میں اضافے کے باعث کراچی پورٹ خطے کے ایک اہم بحری مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انڈیکس میں ریکارڈ بہتری پاکستان کی بحری تجارت اور عالمی شپنگ نیٹ ورک میں رابطوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔