امریکہ میں 6 سالہ بچے کی ٹیچر پر فائرنگ، پولیس اہلکاروں کو بھی دھمکیاں دیتا رہا، ویڈیو وائرل

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کے ایک اسکول میں پہلی جماعت کے 6 سالہ طالب علم کی جانب سے اپنی ٹیچر پر فائرنگ کرنے اور پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کے واقعے کی باڈی کیم ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی ہے۔ یہ واقعہ 6 جنوری 2023 کو پیش آیا تھا، تاہم پولیس نے اس کی ویڈیو اب جاری کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ رچ نیک ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا، جہاں کمسن طالب علم نے اپنی ٹیچر ایبی زونر پر فائرنگ کی۔ گولی ٹیچر کے سینے پر لگی، جبکہ واقعے کے وقت کلاس روم میں 16 دیگر طالب علم بھی موجود تھے۔

جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ کلاس روم میں اپنی ٹیچر کے ساتھ نامناسب زبان استعمال کرتا اور پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دیتا ہے۔ ویڈیو کے مطابق وہ یہ بھی کہتا ہے کہ اسے جیل جانے سے خوف نہیں آتا۔

رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے دوران ٹیچر کی حاضر دماغی اور فوری ردعمل کے باعث دیگر طلبہ کو محفوظ رکھنے میں مدد ملی۔ پولیس کی جاری کردہ فوٹیج میں 9 ایم ایم پستول بھی بچے سے چند فٹ کے فاصلے پر زمین پر پڑا دکھائی دیتا ہے۔

پولیس کے مطابق بچے نے تفتیش کے دوران بتایا تھا کہ اس نے پستول اپنی والدہ سے چرایا تھا۔ عدالتی دستاویزات میں کمسن طالب علم کی مکمل شناخت ظاہر نہیں کی گئی، بلکہ اسے صرف ’’جے ٹی‘‘ کے نام سے شناخت کیا گیا ہے۔

ویڈیو میں ایک ٹیچر پولیس اہلکاروں کو یہ بھی بتاتی دکھائی دیتی ہے کہ واقعے سے قبل مذکورہ بچہ محدود اوقات کے شیڈول کے تحت اسکول آتا تھا۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اسکول میں بچوں کی حفاظت، اسلحے تک کم عمر افراد کی رسائی اور تعلیمی اداروں میں سکیورٹی سے متعلق سوالات ایک بار پھر اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button