صوبائی محتسب اعلیٰ کےریجنل کا آراو پلانٹ اور سرکاری پلاٹ پر مبینہ قبضے کا نوٹس، بدین واٹر سپلائی کی ناقص صورتحال پر اظہار برہمی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/پی کے)صوبائی محتسب اعلیٰ کے ریجنل ڈائریکٹر بدین ڈاکٹر نسیم الغنی سہتو نے درخواست گزار مسماۃ صوبیہ خاصخیلی کی شکایت پر خیرپور گمبوه کا دورہ کرکے علاقے کے واحد آر او پلانٹ، پانی کے تالاب اور سرکاری پلاٹ پر مبینہ قبضے کی صورتحال کا جائزہ لیا درخواست گزار کی جانب سے شکایت کی گئی کہ عبدالمجید ولد بادل خاصخیلی نے علاقے کے واحد آر او پلانٹ، پانی کے تالاب اور اس کے ساتھ موجود سرکاری خالی پلاٹ پر مبینہ طور پر غیر قانونی قبضہ کرکے مکان تعمیر کرلیا ہے، جبکہ سرکاری پلاٹ پر دکان بھی قائم کی گئی ہے۔ شکایت کے مطابق مبینہ قبضے کے باعث علاقہ مکینوں کی آر او پلانٹ تک رسائی متاثر ہورہی ہے، جبکہ آر او پلانٹ بھی بند کردیا گیا ہے ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب اعلیٰ بدین ڈاکٹر نسیم الغنی سہتو نے صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ مختیارکار ٹنڈو باگو کو ہدایت کی کہ آر او پلانٹ اور سرکاری پلاٹ سے غیر قانونی قبضہ جلد از جلد ختم کرایا جائے اور عوام کے لیے پینے کے صاف پانی کی سہولت بحال کی جائے۔ انہوں نے پولیس پوسٹ خیرپور گمبوه کے انچارج کو بھی ہدایت کی کہ اگر سرکاری پلاٹ اور عوام کے لیے قائم آر او پلانٹ سے قبضہ ختم نہ کیا جائے تو مبینہ قابض کے خلاف قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں بعد ازاں ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب اعلیٰ بدین ڈاکٹر نسیم الغنی سہتو نے بدین بائی پاس روڈ پر قائم واٹر سپلائی کا اچانک دورہ کرکے پانی کے تالابوں اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پانی کے تالابوں کی ناقص صورتحال، پانی کا سبز رنگ اور پانی میں موجود کیڑے مکوڑوں کو دیکھ کر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ڈاکٹر نسیم الغنی سہتو نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی بدین واٹر سپلائی کا دورہ کرچکے ہیں اور اس موقع پر میونسپل کمیٹی بدین کو صفائی ستھرائی اور پانی میں کلورین کے مناسب استعمال سمیت ضروری ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم ان ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو گندا، بدبودار اور غیر معیاری پانی فراہم کرنے کے معاملے پر خاموش نہیں رہا جاسکتا اور عوام کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب اعلیٰ بدین نے گزشتہ دورے کے دوران جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میونسپل انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف میونسپل آفیسر بدین کو طلب کیا گیا تھا، تاہم وہ حاضر نہیں ہوئے ڈاکٹر نسیم الغنی سہتو نے چیف میونسپل آفیسر بدین کو دوبارہ 13 اکتوبر 2026ء کو طلب کرلیا اور واضح کیا کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا، جبکہ اس کے باوجود حاضری نہ دینے کی صورت میں قانون کے مطابق وارنٹ جاری کرنے سمیت مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی



