حکیم ہالیپوٹو کی آٹھویں برسی پر جلسہ عام اور ہاری کانفرنس کا انعقاد

ٹنڈوباگو (جانو ڈاٹ پی کے) عوامی تحریک کے رہنما حکیم ہالیپوٹو کی آٹھویں برسی کے موقع پر گاؤں بچو ہالیپوٹو میں جلسہ عام اور ہاری کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں سندھ میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے خلاف ٹنڈوباگو سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے حکیم ہالیپوٹو کی آخری آرام گاہ پر پھول نچھاور کیے اور سلامی پیش کرنے کے بعد جلسہ عام میں شرکت کی۔ جلسے سے عوامی تحریک کے مرکزی آرگنائزر لال جروار، سندھیانی تحریک کی مرکزی صدر عمرہ سموں، عوامی تحریک کے مرکزی سیکریٹری ایڈووکیٹ راحیل بھٹو، سندھی گرلز اسٹوڈنٹس تحریک کی مرکزی صدر کائنات ہالیپوٹو، سندھی ہاری تحریک کے مرکزی آرگنائزر انور رند، عوامی تحریک کے مرکزی رہنما نور احمد کاتھیار، عبدالقادر رانٹو، ایڈووکیٹ وسند تھری، ڈاکٹر دلدار لغاری، محمد علی تالپور، جیون کمار کولہی، جاکھرو نوحانی، سچل ہالیپوٹو، پر بھات ہالیپوٹو، عظمت ہالیپوٹو، مہران درس، ایڈووکیٹ فاضل زنئور، بیگم زنئور، زرکا ہالیپوٹو اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ حکیم ہالیپوٹو زندگی کی آخری سانس تک عوامی تحریک کے پلیٹ فارم سے ہونے والی جدوجہد میں سرگرم رہے۔ وہ کالا باغ ڈیم اور سندھ مخالف قرار دیے جانے والے دیگر منصوبوں کے خلاف اپنے پورے خاندان کے ہمراہ پیدل لانگ مارچوں، جلسوں اور جلوسوں میں بھرپور شرکت کرتے رہے۔ رہنماؤں کے مطابق حکیم ہالیپوٹو رسول بخش پلیجو کے فکر و فلسفے اور سندھ دھرتی سے وفاداری کی علامت تھے۔ مقررین نے مزید کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے نام پر سندھ کی صدیوں پرانی تاریخ اور تہذیب پر حملہ کیا جا رہا ہے، جس کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ جلسے کے دوران سندھیا‌نی ثقافتی گروپ کی جانب سے قومی گیتوں پر ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے۔

مزید خبریں

Back to top button