لاہور سے مری تک بارشوں کاامکان،پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب بھر میں بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث 14 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بارش متوقع ہے، جبکہ حافظ آباد، وزیرآباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، بلدیات اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہنے سے گریز کیا جائے، آندھی یا طوفان کی صورت میں محفوظ مقام پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔شہریوں کو گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کرنے اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ جگہ پر رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھیں۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری ادارے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔



