لانگ مارچ سے نمٹنے کے انتظامات مکمل،ایمرجنسی کااحتجاج سے تعلق نہیں ہوگا،طارق فضل چودھری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تبدیل کرکے نیا وزیراعلیٰ مقرر کرنے کا مطالبہ کردیا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے توقع ہے کہ وہ دہشتگردی پر قابو پانے میں ناکامی پر صوبے کے وزیراعلیٰ کو تبدیل کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاسی ناپختگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر احتجاج کرنے والے ہوش کے ناخن لیں، وفاقی حکومت کے لیے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنا کوئی چیلنج نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لانگ مارچ سے نمٹنا اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی پر قابو پانا دو الگ معاملات ہیں۔ حکومت کی ترجیح دہشتگردی کا خاتمہ ہے اور دہشتگردی سے متاثرہ 12 اضلاع میں خصوصی انتظامات وقت کی ضرورت ہیں۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق دہشتگردی کے باعث خیبرپختونخوا کے کئی علاقے نوگو ایریاز بن چکے ہیں، تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما ان علاقوں میں باآسانی آتے جاتے ہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف سے دہشتگردوں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے وضاحت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایمرجنسی نافذ ہوتی ہے تو اس کا لانگ مارچ سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، بلکہ ان کے بقول اس کا ممکنہ سبب صوبائی حکومت کا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عدم تعاون ہوسکتا ہے۔



