غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش مہنگی پڑگئی،40پاکستانی یونان سے ڈی پورٹ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) یونان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے 40 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کرکے خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔ ڈی پورٹ کیے گئے افراد کا تعلق منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے، جبکہ فہرست میں اسلام آباد کا ایک شہری بھی شامل ہے۔

حکام کے مطابق یہ تمام افراد لیبیا کے راستے غیر قانونی طور پر یونان پہنچے تھے، جہاں انہیں مختلف حراستی کیمپوں میں رکھا گیا تھا۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے کوائف اور کیسز کا الگ الگ جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق زیادہ تر افراد پاکستان سے قانونی طور پر فضائی راستے کے ذریعے بیرون ملک گئے تھے، تاہم بعد میں غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کے دوران پکڑے گئے۔

حکام نے بتایا کہ ڈی پورٹیز سے متعلق مزید تحقیقات ایف آئی اے کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیلز میں کی جائیں گی۔ تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی مدد سے مبینہ سہولت کاروں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک سفر کے لیے مستند ذرائع اور قانونی طریقہ کار اختیار کریں۔ ان کے مطابق ملک کے ہوائی اڈوں پر جانچ پڑتال سخت کردی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد سمیت مختلف ایئرپورٹس پر ایف آئی اے کے پری ویریفکیشن کاؤنٹر بھی قائم ہیں، جہاں مسافر سفر سے قبل اپنی دستاویزات کی تصدیق کروا سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button