نیشنل ویمنز ٹی20ٹورنامنٹ کل سے شروع،5ٹیموں کی75کھلاڑی میدان میں اتریں گی

 فیصل آباد (جانو ڈاٹ پی کے) نیشنل ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ کل سے فیصل آباد میں شروع ہوگا، جس میں پانچ ٹیموں کی 75 کھلاڑی شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز انوِنسیبلز کا مقابلہ چیلنجرز جبکہ کنکررز کا سامنا دفاعی چیمپئن سٹارز سے ہوگا۔ تمام میچز صبح10بجے شروع ہوں گے۔

دفاعی چیمپئن سٹارز کی قیادت طوبیٰ حسن کریں گی، جبکہ گزشتہ ایڈیشن کی رنرز اپ انوِنسیبلز کی کپتان گل فیروزہ ہوں گی۔ چیلنجرز کی قیادت عائشہ ظفر اور کنکررز کی کپتانی منیبہ علی کے سپرد ہوگی، جبکہ سٹرائیکرز کی قیادت قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کریں گی۔ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی اور ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ ڈبل لیگ فارمیٹ کے تحت مجموعی طور پر 21 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹاپ دو ٹیمیں 25 اکتوبر کو اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 30 لاکھ روپے سے زائد رکھی گئی ہے۔ فاتح ٹیم کو 15 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ کو 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان میں ٹَیپ میڈ اور تماشا پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button