لاہور ہائیکورٹ کانورین نیازی اور عظمیٰ خان کی ادویات،کپڑوں پر رپورٹ طلب کرنے کا حکم

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے جیل میں ادویات، کپڑوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

جسٹس عبہر گل خان نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ادویات، کپڑوں، کتابوں سمیت دیگر بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لیے متفرق درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ وکیل کے مطابق 19 روز گزرنے کے باوجود مطلوبہ اشیا فراہم نہیں کی گئیں۔

جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دیے کہ عدالتی حکم کے مطابق کپڑے اور ادویات فراہم کیے گئے تھے، تاہم بعد میں یہ کہا گیا کہ کچھ نہیں دیا گیا۔ عدالت نے وکیل کو ہدایت کی کہ مطلوبہ اشیا کی فہرست باقاعدہ طور پر فراہم کی جائے تاکہ اسی کے مطابق حکم جاری کیا جا سکے۔

وکیل رانا مدثر عمر نے استدعا کی کہ جیل میں ادویات، کپڑے، کتابیں اور کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ کھانے پینے کی اشیا کی اجازت نہیں دی جا سکتی، تاہم متفرق درخواستوں پر رپورٹ طلب کرلی جائے گی۔سماعت کے دوران نظر بندی کے خلاف مرکزی درخواستوں پر بھی دلائل دینے کی استدعا کی گئی، تاہم عدالت نے پہلے بنیادی ضروریات کی فراہمی سے متعلق معاملہ دیکھنے کا عندیہ دیا۔عدالت نے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر مزید کارروائی 12 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں

Back to top button