سہیل آفریدی کا لانگ مارچ ’’شارٹ ٹرم مارچ‘‘ بن گیا، عظمیٰ بخاری کے پی ٹی آئی پرتابڑتوڑ وار

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے لانگ مارچ کو ’’شارٹ ٹرم مارچ‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ مارچ دہشت گردوں کے حق میں ہو رہا ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایک طرف دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں جبکہ دوسری جانب سہیل آفریدی کنٹینر پر چڑھے ہوئے ہیں۔ ان کے بقول یہ مارچ نہ بانی پی ٹی آئی کے حق میں ہے اور نہ ہی پختون عوام کے مفاد میں ہے۔عظمیٰ بخاری نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ غیر محفوظ ہے، لیکن سڑکوں پر جاری مارچ مکمل محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز صوبے کے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہی ہیں، جبکہ سہیل آفریدی کنٹینر پر کھڑے ہو کر انہی فورسز کا مذاق اڑا رہے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے الزام لگایا کہ سہیل آفریدی دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو ایک ’’کنٹینر باز‘‘ نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔



