محمود اچکزئی اور راجا ناصر عباس میں رابطہ، مذاکرات پر اہم مشاورت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں مذاکرات اور آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے کوئٹہ سے علامہ راجا ناصر عباس سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مذاکرات کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اپوزیشن قائدین نے مذاکرات کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کردیا ہے۔ ملاقات کے معاملے کو مذاکراتی عمل میں اہم قرار دیتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی گئی۔
اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان رابطے کو موجودہ سیاسی صورتحال اور مذاکراتی عمل کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



