پی ٹی آئی سیاسی سرگرمیوں کے بجائے خیبرپختونخوا کے مسائل پر توجہ دے، پیپلز پارٹی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی، امن و امان، کرپشن، ترقی اور گورننس جیسے اہم مسائل پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور عمران خان کے بیانیے کو ترجیح دی جا رہی ہے، جس کا نقصان خیبرپختونخوا کے عوام اور نوجوانوں کو ہو رہا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت مختلف اضلاع کے دورے کر رہی ہے، پشاور سے اپنے آبائی حلقے میں ڈیرے ڈالنے کے بعد چارسدہ اور باجوڑ جانے کا پروگرام ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی دورے کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جن اضلاع میں پی ٹی آئی کی قیادت پہنچ رہی ہے، وہاں دیگر سیاسی جماعتیں جلسے، احتجاج یا اجتماعات نہیں کر سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر غور کیا جانا چاہیے۔

پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، گورننس کے مسائل موجود ہیں جبکہ کرپشن کے الزامات بھی سامنے آ رہے ہیں، لیکن ان معاملات پر توجہ دینے کے بجائے نوجوانوں کو مبینہ طور پر ورغلایا جا رہا ہے اور ان کے ذہنوں میں نفرت و اختلافات پیدا کیے جا رہے ہیں۔

محمد علی شاہ باچا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال سب کے سامنے ہے، روزگار اور ترقی کے مواقع متاثر ہو رہے ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکار شہید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے نمائندوں پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں منتخب کیا، تاہم ان کے بقول صوبائی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مطلوبہ کارکردگی نہیں دکھا سکی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بیانات سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ سمجھتی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی یا وفاقی حکومت صوبے میں سیاسی مداخلت یا تبدیلی کی کوشش کر رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو خدشہ ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنا چاہتی ہے تو اسے اپنے طرزِ حکمرانی پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے، ترقی کے فروغ، کرپشن کی روک تھام اور گورننس کے مسائل کے حل پر توجہ دے۔

مزید خبریں

Back to top button