وزیراعظم کی وزارتوں کو قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اعداد و شمار فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں کو متعلقہ اعداد و شمار قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی وزارتوں میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کے نفاذ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پروگرام پر پیش رفت اور حکومتی اداروں کے ڈیٹا کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مرکزی ڈیٹا سینٹر حکومتی خدمات اور شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کا بنیادی مقصد شہریوں کو مؤثر، تیز اور باسہولت سرکاری خدمات فراہم کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام شعبوں اور حکومتی اداروں کے اعداد و شمار ایک ہی جگہ دستیاب ہونے سے معاشی ترقی اور بہتر پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن پر سبسڈی اسکیم پر کامیاب عمل درآمد میں مختلف اداروں کی مشترکہ کوششوں نے اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارتوں اور سرکاری اداروں کی ڈیجیٹائزیشن بدعنوانی اور ادارہ جاتی بدنظمی کی روک تھام میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے قومی سطح پر یکساں طبی ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے وزارتِ صحت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیو آر کوڈ کے نفاذ کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔



