کیمسٹری کے نوبیل انعام کا اعلان،فرانس اور جاپان کے2سائنسدان فاتح

اسٹاک ہوم (جانو ڈاٹ پی کے)رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے 2026 کے نوبیل انعام برائے کیمیا کا اعلان کردیا ہے، کیمسٹری کے شعبے میں یہ اعزاز فرانس اور جاپان سے تعلق رکھنے والے دو سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق فرانس کی پیرس-سود یونیورسٹی سے وابستہ ہنری بی کاگان اور جاپان کی ٹوکیو یونیورسٹی آف سائنس سے تعلق رکھنے والے کینسو سوائی لو کو نامیاتی کیمسٹری کے ایک اہم عمل میں غیر معمولی اثرات اور خود بخود ہونے والے کیمیائی عمل کی دریافت پر نوبیل انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دونوں سائنسدانوں کی تحقیق نے یہ سمجھنے میں اہم کردار ادا کیا کہ کیمیائی ردعمل کس طرح کسی مالیکیول کا معکوس عکس فراہم کرسکتا ہے۔ اس تحقیق کو ادویات کی تیاری اور نئی دواؤں کی ترقی کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔نوبیل کمیٹی کے مطابق ان دونوں سائنسدانوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ سویڈش کرونا کی انعامی رقم برابر تقسیم کی جائے گی۔



