حسن نواز کی رینکنگ میں دھماکہ خیز چھلانگ، 62 درجے ترقی کے بعد 49ویں نمبر پر

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)قومی ٹیم کے اُبھرتے ہوئے بیٹر حسن نواز نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں شاندار ترقی کرتے ہوئے 62 درجے بہتری کے بعد 49ویں پوزیشن حاصل کرلی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی بیٹرز، بولرز اور آل راؤنڈرز کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے۔
آئی سی سی رینکنگ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں بھارت کے ایشان کشن اور ابھیشیک شرما بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے صائم ایوب ایک درجہ ترقی کے بعد 38ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
انگلینڈ کے ہیری بروک اور جوز بٹلر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں، جبکہ بھارت کے شریاش ایئر 18 درجے ترقی کے بعد ساتویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ بھارت کے تلک ورما ایک درجے تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلے گئے۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان نے پاکستانی اسپنر ابرار احمد سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔ ابرار احمد دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی فہرست میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے، پاکستان کے صائم ایوب دوسرے اور انگلینڈ کے ول جیکس تیسرے نمبر پر ہیں۔



