امریکی سٹاک مارکیٹ میں تیزی، ایس اینڈ پی 500 اور نیس ڈیک نئے ریکارڈ پر

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہا، خام تیل کی قیمتوں میں استحکام اور امریکی ٹریژری بانڈز کی پیداوار میں کمی کے باعث سرمایہ کاروں کی توجہ حالیہ خدشات سے ہٹ کر تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج پر مرکوز ہوگئی۔
وسیع پیمانے پر خریداری کے نتیجے میں ایس اینڈ پی 500 اور نیس ڈیک انڈیکس نئے ریکارڈ کی سطح پر بند ہوئے، جبکہ ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج 253.14 پوائنٹس یعنی 0.49 فیصد اضافے کے بعد 51 ہزار 521.04 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 45 پوائنٹس یعنی 0.58 فیصد اضافے کے ساتھ 7 ہزار 818.95 پوائنٹس جبکہ نیس ڈیک کمپوزٹ 122.48 پوائنٹس یعنی 0.45 فیصد اضافے سے 27 ہزار 599.79 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں استحکام سے مہنگائی کے خدشات میں کمی آتی ہے، جس کے نتیجے میں بانڈز کی پیداوار بھی کم ہوتی ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے سٹاک مارکیٹ مزید پرکشش بن جاتی ہے۔



