افغانستان میں طالبان مخالف گروہوں کی کارروائیاں تیز، دو اہلکاروں کی ہلاکت کے دعوے

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں طالبان مخالف مسلح گروہوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں تیزی آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ اور نیشنل موبلائزیشن فرنٹ نے طالبان سے وابستہ اہلکاروں کے خلاف تازہ کارروائیوں کے دعوے کیے ہیں۔

افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے مطابق قندھار کے ضلع خاکریز میں کارروائی کے دوران طالبان کے امر بالمعروف کے اہلکار عبدالرحمان کو ہلاک کر دیا گیا۔ گروپ کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ اہلکار شہریوں پر تشدد، غیرقانونی گرفتاریوں، جھوٹے الزامات اور مارپیٹ میں ملوث تھا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب نیشنل موبلائزیشن فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ جلال آباد میں ننگرہار مرکزی جیل کے انٹیلی جنس سربراہ کو منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا۔

مقامی رپورٹس کے مطابق طالبان پولیس حکام نے بھی جیل کے انٹیلی جنس سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، تاہم حملے میں ملوث افراد کی شناخت فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔

نیشنل موبلائزیشن فرنٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ طالبان، داعش اور ٹی ٹی پی کے خلاف اس کی گوریلا کارروائیاں جاری رہیں گی۔

افغانستان میں طالبان مخالف گروہوں کی جانب سے حالیہ ہفتوں کے دوران مختلف صوبوں میں متعدد حملوں کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں، تاہم ان میں سے بعض واقعات کی آزادانہ تصدیق مشکل ہے۔

مزید خبریں

Back to top button