صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی اہم ملاقات، سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر مشاورت


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی جبکہ موجودہ سیاسی حالات اور امن و امان سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے مذاکراتی کمیٹی کے ارکان نے بریفنگ دی اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی آئینی یا قانونی اقدام سے قبل مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا اور موجودہ صورتحال کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے لیے بات چیت کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔