بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنوں کی تفصیلات سامنے آگئیں، متعدد بار میڈیکل چیک اپ

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنوں سے متعلق تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق جیل میں قیام کے دوران دونوں کے متعدد طبی معائنے کیے گئے۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے مجموعی طور پر 29 طبی معائنے کیے گئے۔ ان کا پہلا طبی معائنہ 4 نومبر 2023 کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹر عزیز نے کیا، جبکہ نیوروسرجن ڈاکٹر قاسم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے 2023 میں 5، 2024 میں 16، 2025 میں 5 جبکہ 2026 میں 12 طبی معائنے کیے گئے۔ ان کے آخری طبی معائنے میں ڈاکٹر فرقاد عالمگیر بھی شامل تھے۔
3 مارچ کو ہونے والے طبی معائنے کے دوران میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کو دور اور نزدیک کی نظر کے لیے عینک استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کے مجموعی طور پر 10 طبی معائنے کیے گئے۔ ان کا پہلا طبی معائنہ 10 ستمبر 2025 کو ڈاکٹر الطاف اور ڈاکٹر منصور نے کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی کا 2025 میں ایک جبکہ 2026 میں 9 مرتبہ طبی معائنہ کیا گیا۔ انہیں طبی معائنے اور علاج کی غرض سے دو مرتبہ الشفاء ہسپتال راولپنڈی بھی منتقل کیا گیا۔



