مذاکرات کی پیشکش اب بھی موجود، تحریک انصاف لانگ مارچ ختم کرے تو بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش اب بھی موجود ہے، تحریک انصاف لانگ مارچ ختم کرے تو بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے۔

پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلوں پر تمام اداروں اور صوبائی حکومتوں کو غیر مشروط طور پر ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور وفاقی حکومت کے ساتھ غیر مشروط تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کبھی تحریک انصاف سے یہ نہیں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو اپنی سیاسی ذمہ داری پوری کرنے، حکومت اور پاکستان کا ساتھ دینے کا کہا گیا تھا، جبکہ عمران خان سے ملاقات، علاج معالجے اور ذاتی ڈاکٹر سے متعلق معاملات حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔

وزیراعظم کے مشیر کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ پی ٹی آئی نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کی تشکیل کردہ پالیسی سے اتفاق نہیں کیا اور اس پر عملدرآمد کی مخالفت کی۔

رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش اب بھی برقرار ہے، تاہم بات چیت کے لیے تحریک انصاف کو لانگ مارچ ختم کرنا ہوگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ ایک ماہ تک بھی جاری رہا تو پارٹی خود تھک جائے گی، جبکہ موجودہ تعداد اسلام آباد پہنچنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی استعفوں کا راستہ اختیار کرنا چاہتی ہے تو یہ تجربہ پہلے بھی کیا جا چکا ہے، اسی طرح دو صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا تجربہ بھی ہوچکا ہے اور پارٹی دوبارہ ایسا کرکے دیکھ سکتی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں، جبکہ حکومت کے ان کے ساتھ رابطے بھی برقرار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button