پاکستان کا فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کر لیا، جس کے دوران میزائل کے مختلف تکنیکی اور آپریشنل نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح-4 کے توسیعی ورژن کو جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشن سسٹمز سے لیس کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی توثیق کی گئی۔ ان اقدامات کا مقصد میزائل کی درستگی میں مزید بہتری لانے کے ساتھ ساتھ نظام کی بقا کی صلاحیت کو مؤثر بنانا ہے۔

کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور میزائل کی تیاری میں شامل ادارے کے انجینئرز نے کیا۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تینوں سروسز چیفس نے فتح-4 کے توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے پر متعلقہ اداروں اور ماہرین کو مبارکباد پیش کی۔

اعلیٰ عسکری قیادت نے اس اہم سنگ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے سائنس دانوں، انجینئرز اور دیگر متعلقہ افراد کی تکنیکی صلاحیت، محنت، لگن اور عزم کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button