سعودی عرب کا ایشیا کیلئے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان


ریاض(جانوڈاٹ پی کے) سعودی عرب نے غیر متوقع طور پر نومبر میں ایشیا کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے، جس کے بعد ایشیائی مارکیٹ کے لیے خام تیل کی قیمتیں 6 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی تیل کمپنی آرامکو نے نومبر کے لیے ایشیا کو فراہم کیے جانے والے عرب لائٹ خام تیل کی سرکاری قیمتِ فروخت عمان اور دبئی کی اوسط قیمت سے 5 ڈالر فی بیرل کم مقرر کی ہے، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 3 ڈالر فی بیرل کم ہے۔
آرامکو نے ایشیا کو فراہم کیے جانے والے دیگر خام تیل کے گریڈز عرب میڈیم اور عرب ہیوی کی نومبر کی سرکاری قیمتوں میں بھی 5 ڈالر فی بیرل کمی کر دی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے شمال مغربی یورپ اور بحیرہ روم کے خطے کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جس سے مختلف عالمی مارکیٹوں کے لیے سعودی تیل کی قیمتوں میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔