گڈز ٹرانسپورٹرز کی 10 اکتوبر سے پہیہ جام ہڑتال موخر کرنے کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے 10 اکتوبر سے شروع ہونے والی پہیہ جام ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کردیا۔

یہ فیصلہ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت صدر نبیل محمود طارق نے کی۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر حاجی عرفان سلطان، نائب صدر ممتاز علی خان، مرزا ارشد اقبال سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ملک کی موجودہ صورتحال اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر 10 اکتوبر سے ہونے والی پہیہ جام ہڑتال کا فیصلہ واپس لینے پر اتفاق کیا گیا۔

صدر نبیل محمود طارق نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کمیونٹی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، تاہم حکومت ٹرانسپورٹرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرے تاکہ ملک میں سامان کی ترسیل کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہ سکے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کیا جائے اور پہلے سے تحویل میں لیے گئے کنٹینرز کے مالکان کو مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button