صومالی قزاقوں کے ہاتھوں شہید سیکنڈ آفیسر کاشف عمر سپرد خاک

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) صومالیہ میں بحری قزاقوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سیکنڈ آفیسر کاشف عمر کی نماز جنازہ بفرزون میں ادا کرنے کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
نماز جنازہ میں گورنر سندھ، امیر جماعت اسلامی کراچی، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فضا سوگوار رہی اور اہل خانہ و عزیز و اقارب غم سے نڈھال نظر آئے۔
قزاقوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے یاسر خان نے کہا کہ بحفاظت وطن واپس پہنچنے پر اطمینان ہے، تاہم ساتھیوں کو کھونے کا غم بھی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات اور علاج فراہم کیا جائے۔
واقعے میں شہید ہونے والے محمود انصاری اور رفیع اللہ کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کردی گئی تھی، جبکہ قزاقوں کی فائرنگ سے زخمی عقیل خان، امین اور عثمان غنی کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔



