جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس: عمران خان کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کی آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان کو آئندہ سماعت پر جسمانی طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے۔
سماعت کے دوران عدالت نے سابق وفاقی وزراء فرخ حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔
عدالت نے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور پی ٹی آئی ایم پی اے حسن خان نیازی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔
اے ٹی سی نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔ بانی پی ٹی آئی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ تھانہ رمنا میں درج ہے۔



