بلوچستان میں 7 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچے تعلیمی نظام کا حصہ بنے، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر، نئی نسل کی کردار سازی اور مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت اساتذہ کے پیشہ ورانہ وقار میں اضافے اور انہیں بہتر تدریسی ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
سرفراز بگٹی کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ دو برس کے دوران 7 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا۔ 2025 میں 2 لاکھ 31 ہزار جبکہ 2026 میں 2 لاکھ 81 ہزار بچوں کا اسکولوں میں داخلہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کمیونٹی اسکولوں کے ذریعے ایک لاکھ 54 ہزار بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے، جبکہ غیر فعال اسکولوں کو دوبارہ فعال کرنے کے نتیجے میں 95 ہزار سے زائد بچے بھی تعلیمی نظام کا حصہ بن گئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تدریسی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 15 ہزار سے زائد اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے گئے ہیں، جبکہ صوبے میں مزید 1800 اسکولوں کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔
ان کے مطابق پی ٹی ایس ایم سی منصوبے کے تحت 2 ہزار اسکولوں کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جس کی مجموعی تخمینی لاگت 6 ارب روپے ہے۔ منصوبے کے تحت 3 ہزار 640 نئے کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ ایک کمرے پر مشتمل اسکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا منصوبہ بھی جاری ہے تاکہ طلبہ کو بہتر اور سازگار تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بچوں سے وابستہ ہے، اس لیے تعلیم اور اساتذہ پر سرمایہ کاری دراصل صوبے کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔



