عمران خان سے ملاقات ہمارا پہلا مطالبہ، حکومت نے یقین دہانی نہیں کرائی، اسد قیصر

صوابی (جانو ڈاٹ پی کے) پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارا سب سے پہلا مطالبہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہے، تاہم حکومت کی جانب سے اس حوالے سے اب تک کوئی واضح یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا فرنٹ لائن صوبہ ہے، جہاں گزشتہ کئی برسوں کے دوران پولیس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کے باوجود خیبرپختونخوا کو مسلسل دہشت گردی کے خطرات، محدود مالی وسائل اور دشوار جغرافیائی حالات کا سامنا ہے۔

اسد قیصر کے مطابق صوبائی حکومت نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پولیس کو مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کرنے پر توجہ دی ہے، رواں مالی سال پولیس کے لیے تقریباً 191 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ سے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں اور فلاح و بہبود کے ساتھ جدید اسلحہ، بلٹ پروف گاڑیوں، اے پی سیز، تھرمل کیمروں، ڈرونز، اینٹی ڈرون سسٹمز، جیمرز اور جدید مواصلاتی آلات کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 31 ارب روپے کا خصوصی پیکیج بھی منظور کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button