پاکستانی فاسٹ بولر کائنات امتیاز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کائنات امتیاز نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران پاکستان کی جانب سے 19 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
کائنات امتیاز 2010ء اور 2014ء میں ایشین گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ٹیم کا حصہ رہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ جنوری 2023ء میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا، جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی اکتوبر 2022ء میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
ریٹائرمنٹ سے قبل کائنات امتیاز کمنٹری کے شعبے سے بھی وابستہ رہیں اور اب انہوں نے ویمن میچ ریفری کے طور پر بھی اپنے نئے کیریئر کا آغاز کردیا ہے۔
کائنات امتیاز کا کرکٹ سے تعلق خاندانی سطح پر بھی ہے۔ ان کی والدہ سلیمہ امتیاز امپائرنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون امپائر ہیں۔
سلیمہ امتیاز اب تک 9 ویمن ون ڈے انٹرنیشنل اور 69 ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔



