پی سی بی سےاین او سی نہ ملنے کے باعث پاکستان چیمپئنز ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز سے باہر

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز سے پاکستان چیمپئنز ٹیم باہر ہو گئی،مقابلوں کا گزشتہ روز یو اے ای میں آغاز ہوا،پاکستان چیمپئنز کا شارجہ میں بنگلہ دیش سے میچ ہونا تھا، منتظمین نے میچ ملتوی ہونے کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی کی جانب سے پلیئرز کو این او سی نہ ملنا وجہ بنا،کپتان شاہد آفریدی اور سرفراز احمد نے دبئی جانے سے گریز کیا،البتہ کئی دیگر پلیئرز پہلے ہی وہاں پہنچ گئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹیم اونرز نے نام تبدیل کر کے ایونٹ میں شرکت کا کہا لیکن یہ بات بھی نہیں مانی گئی،گزشتہ سال بھارتی ٹیم نے 2 بار پاکستان چیمپئنز کے ساتھ مقابلے سے انکار کر دیا تھا، شیکھر دھون اس میں پیش پیش تھے۔
حالیہ ایونٹ میں شیڈول کے مطابق 10 اکتوبر کو دبئی میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہونا تھا،پٹھان برادرز عرفان اور یوسف سمیت ہربھجن سنگھ بھی بھارتی اسکواڈ کا حصہ ہیں،یہ ہمیشہ پاکستان مخالف بیانات دیتے رہتے ہیں،حکام کو خدشہ تھا کہ اگر پاکستانی سابق کرکٹرز کو این او سی مل جاتا اور وہ بھارت کےخلاف مقابلے کیلیے تیارہوتے تو بلو شرٹس ایک بار پھر دستبردار ہو سکتے تھے،غیرضروری تنازع سے بچنے کیلیے اجازت ہی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ بعض بااثر شخصیات نے بھی پی سی بی پر فیصلہ تبدیل کرنے کیلیے زور ڈالا لیکن انھیں کامیابی نہ مل سکی۔
دوسری جانب پاکستانی چیمپئنز کے اونر کامل خان کو بدستور این او سی ملنے کی امید ہے، انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیش سے میچ تو نہیں ہو سکا لیکن ہمیں اب بھی امید ہے کہ پی سی بی اپنا فیصلہ تبدیل کر لے گا، پلیئرز نے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق درخواست دی تھی ، ہم اب بھی کسی مثبت فیصلے کے منتظر ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پی سی بی ہمارا اپنا کرکٹ بورڈ ہے، ہم اس کے کسی فیصلے کیخلاف نہیں جائیں گے۔ یاد رہے کہ ”ایکسپریس“ ٹیم کو این اوسی نہ ملنے کی خبر کئی روز قبل ہی شائع کر چکا تھا۔



