گلزار کے ساتھ جیا بچن کی بے تکلف مسکراہٹ،ویڈیو نے سوشل میڈیا کی توجہ حاصل کرلی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)ممبئی میں حال ہی میں منعقدہ ایک کتاب کی تقریبِ رونمائی کے دوران جیا بچن کی گلزار کے ساتھ ایک کھلتی ہوئی مسکراہٹ اور غیر رسمی لمحے نے انٹرنیٹ کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
سینئر اداکارہ کو فلم ساز اور نغمہ نگار گلزار کے ساتھ دل کھول کر ہنستے ہوئے دیکھا گیا اور اس تقریب کی تصویروں اور ویڈیوز میں یہ مختصر سا لمحہ سب سے منفرد نظر آیا۔ امیتابھ بچن بھی اس تقریب میں موجود تھے، جہاں بچن خاندان کی گلزار سے دوبارہ ملاقات ہوئی۔
اس تقریب کی ایک ویڈیو آن لائن سامنے آئی ہے، جس نے مداحوں کو جیا بچن کا خوش گوار موڈ دکھایا۔ ان کی مسکراہٹ اور گلزار کے ساتھ بے تکلفی دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس نایاب خوش مزاج روپ کو خوب سراہا۔
تقریب کی ایک ویڈیو میں ان تینوں سینئر شخصیات کے درمیان ایک خوبصورت لمحہ قید ہوا ہے۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب جیا اسٹیج کی سیڑھیاں چڑھ رہی تھیں تو بگ بی نے ان کی مدد کے لیے ہاتھ بڑھایا۔
اسٹیج پر پہنچ کر جیا نے گلزار سے کچھ بات چیت کی، جنہوں نے جیا کے شانے پر ہاتھ رکھا اور جلد ہی انہیں ہنسنے پر مجبور کر دیا۔ اس غیر رسمی گفتگو نے ان کے درمیان کی گرمجوشی اور دیرینہ تعلق کی ایک خوبصورت جھلک دکھائی۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو سامنے آتے ہی صارفین سینئر اداکارہ کا یہ مختلف روپ دیکھ کر بے حد خوش ہوئے۔ ایک صارف نے لکھا: ”مسکراتی رہیں… مسکراہٹ آپ پر اچھی لگتی ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا: ”پہلی بار ہنستے ہوئے دیکھا۔“ تیسرے صارف نے تبصرہ کیا: ”ارے جیا جی ہنستی بھی ہیں۔“
جبکہ ایک تبصرے میں یہ بھی لکھا تھا: ”میری ہمیشہ سے پسندیدہ جیا جی، بغیر کسی میک اپ کے پروقار انداز میں عمر کے اس حصے میں بھی بہت خوبصورت لگ رہی ہیں۔“



