تھرکول روڈ پرحادثہ،شدید زخمی فوجی اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)بدین شہر میں تھرکول روڈ پر گرین سٹی کے قریب کار اور موٹر سائیکل کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں ملکانی شریف کے گاؤں فضل واڈھو کے رہائشی فوجی اہلکار علی گوہر انڑ شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے میں ان کے سر اور دونوں ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئیں، جنہیں تشویشناک حالت میں انڈس ہسپتال بدین منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
علی گوہر انڑ کے جاں بحق ہونے کی خبر ملتے ہی ان کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ اہل خانہ کے مطابق گھر میں ان کے کزن کی شادی کی تیاریاں جاری تھیں اور آج شادی کی تقریب بھی طے تھی، تاہم افسوسناک حادثے کے باعث شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی شروع کردی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی رپورٹ درج کرکے حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے مزید تفتیش جاری ہے



