ہاریوں کے حقوق اور سندھ کی وحدت کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،ثمر حیدر جتوئی

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) سندھ ہاری کمیٹی کے مرکزی صدر ثمر حیدر جتوئی نے زرعی اجناس کی مناسب قیمتیں نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاریوں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور ان کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ماتلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ کی وحدت پر بھی وار کیا جا رہا ہے اور سندھ کو تقسیم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، جبکہ وفاقی حکومت کے بعض وزراء ملک کی موجودہ وحدتوں سے چھیڑ چھاڑ سے متعلق باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سندھیوں کا تاریخی وطن ہے اور 1940ء کی قرارداد کے تحت سندھ اس ملک میں شامل ہوا تھا، اس لیے ان کے بقول اس معاہدے کی خلاف ورزی ملک کے خلاف بھی سازش کے مترادف ہے۔ ثمر حیدر جتوئی نے کہا کہ سندھ کی وحدت کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے دریائے سندھ سے متعلق منصوبوں پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ پر غیر قانونی قبضہ کیا جا رہا ہے، جلال پور کینال غیر قانونی ہے اور دریائے سندھ پر جاری دیگر منصوبوں کو بھی سندھ مسترد کرتا ہے، دریائے سندھ پر کوئی بھی ایسا منصوبہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہاری کمیٹی بابائے سندھ حیدر بخش جتوئی کے فکر و فلسفے کی روشنی میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ احمد نواز انقلابی، میر آزاد ٹالپر، کامریڈ محبوب حیدر، ولی محمد برہماڻي اور دیگر بھی موجود تھے۔



