جنوبی کوریا کی نہر میں تین ہفتوں سے پھنسی شارک کا ریسکیو آپریشن ناکام

بوسان (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کے ساحلی شہر بوسان کی ایک نہر میں گزشتہ ماہ سے پھنسی 3.5 میٹر لمبی شارک کو ریسکیو کرنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شارک کو پہلی بار 18 ستمبر کو بوسان کے نارتھ پورٹ کے ایک تنگ آبی راستے میں دیکھا گیا تھا، جس کے بعد اسے کھلے سمندر میں واپس پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق رواں ہفتے جمعہ کو شارک کو نہر سے نکالنے کے لیے دوسری مرتبہ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے شارک کو قابو کرنے اور باہر نکالنے کے لیے جال استعمال کیا، تاہم تقریباً دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آپریشن روکنا پڑا۔
انتظامیہ کے مطابق جال کے چٹانوں میں پھنسنے کے خدشے کے باعث ریسکیو کارروائی مزید آگے نہیں بڑھائی جاسکی۔
ریسکیو ٹیموں نے امید ظاہر کی ہے کہ شارک ممکنہ طور پر خود تیر کر نہر سے نکلتے ہوئے کھلے سمندر تک پہنچ جائے گی۔
شارک کو نہر میں پھنسے تقریباً تین ہفتے گزر چکے ہیں، جس کی موجودگی نے مقامی شہریوں کی توجہ بھی حاصل کرلی ہے اور بڑی تعداد میں لوگ اسے دیکھنے کے لیے نہر کا رخ کر رہے ہیں۔



