بالی ووڈ اداکارہ نصرت بھروچا کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر کی تصدیق

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ نصرت بھروچا کے بالی میں پیش آنے والے حادثے میں ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہونے کی تصدیق ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ حال ہی میں کام کے سلسلے میں بالی گئی تھیں، جہاں انہیں حادثے کے باعث چوٹیں آئیں۔ تاہم ابتدائی طور پر اداکارہ کی صحت اور حادثے سے متعلق تفصیلات منظرعام پر نہیں لائی گئی تھیں۔
اب نصرت بھروچا کی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے نتیجے میں اداکارہ کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہوا ہے اور انہیں مزید علاج و سرجری کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے بالی سے ممبئی منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اداکارہ کی ٹیم کے مطابق نصرت بھروچا اس وقت بالی میں طبی نگرانی میں ہیں، جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے مزید طبی معائنے کیے جا رہے ہیں۔ طبی جائزے کے بعد ان کی سرجری کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر بھی بعض ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں اداکارہ کو اسٹریچر پر لیٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ کی ٹیم نے حادثے کی وجوہات اور ممبئی منتقلی کی حتمی تاریخ کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نصرت بھروچا اداکار ٹائیگر شروف کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم کی کاسٹ میں بھی شامل ہیں۔



