وہاڑی میں قبروں کی بے حرمتی، میاں بیوی کی قبروں سے انسانی اعضا برآمد

وہاڑی(جانوڈاٹ پی کے) تھانہ ٹھینگی کی حدود میں قبروں کی مبینہ بے حرمتی کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مقامی قبرستان میں دفن میاں بیوی کی قبریں کھود کر انسانی اعضا نکال لیے گئے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران قبروں سے انسانی اعضا نکالنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے انسانی ہڈیاں، دانت اور سر کے بال برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم سے قبر کھودنے کے اوزار کے علاوہ چاقو اور چھریاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گرفتار شخص مبینہ طور پر آئس نشے کا عادی ہے اور اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ قبروں کی بے حرمتی کرچکا ہے۔
واقعے کے بعد اہل علاقہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے تھانہ ٹھینگی پولیس سے واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کرکے ذمہ دار شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



