پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ڈرگ فری پنجاب وژن کے تحت منشیات کے بڑے ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
آئی جی پنجاب علی ساہی نے منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے اور گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوانے کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں منشیات فروشی میں ملوث 39 ہزار 311 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ملزمان کے خلاف 40 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق پولیس کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 21 ہزار 410 کلو چرس، ایک ہزار 653 کلو ہیروئن، ایک ہزار 399 کلو آئس، 381 کلو افیون اور 5 لاکھ 48 ہزار لٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق لاہور میں رواں سال 5 ہزار 887 منشیات فروش گرفتار کیے گئے اور ان کے خلاف 5 ہزار 676 مقدمات درج ہوئے۔
لاہور میں کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 2 ہزار 150 کلو چرس، 107 کلو ہیروئن، 685 کلو آئس، 53 کلو افیون اور 25 ہزار 417 لٹر شراب برآمد کی گئی۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ منشیات کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے، جبکہ منشیات کے نیٹ ورک میں شامل بڑے ڈیلرز اور سمگلرز کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے کیسز کی مؤثر پیروی یقینی بنائی جائے۔



