پی ٹی آئی اور کالعدم ٹی ٹی پی گٹھ جوڑ کے الزامات، اختیار ولی خان کا دعویٰ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے پاکستان تحریک انصاف اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کا الزام عائد کیا ہے۔

اپنے بیان میں اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے کالعدم ٹی ٹی پی کو اپنا عسکری ونگ بنا رکھا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ساتھ ایک ویڈیو میں نظر آنے والے نوجوان کا تعلق بھی کالعدم تنظیم سے ہے۔

اختیار ولی خان نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عوام کے بجائے کالعدم تنظیموں کے نمائندے ہیں۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ کالعدم تنظیم سے وابستہ عناصر مبینہ طور پر پیسے لے کر مساجد اور شہریوں پر حملے کرتے ہیں جبکہ خواتین اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے پی ٹی آئی اور کالعدم ٹی ٹی پی کو ’’ایک ہی سکے کے دو رخ‘‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے دھرنوں اور احتجاجی سرگرمیوں میں کالعدم تنظیم کے عناصر بھی شامل ہوتے ہیں۔

اختیار ولی خان کے ان الزامات پر پی ٹی آئی یا دیگر متعلقہ فریقین کی جانب سے مؤقف سامنے آنے کی صورت میں معاملے کی مزید وضاحت ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button