امارات نے دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز میں معاون پائلٹ کا کپتان پر حملہ دہشت گردی قرار دے دیا

ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے دبئی سے اسرائیل جانے والی اماراتی پرواز کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا۔

اماراتی پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق پرواز کے معاون پائلٹ نے کاک پٹ میں کپتان پر کلہاڑی سے حملہ کیا اور بعد ازاں طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی۔

پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق معاون پائلٹ نے مبینہ طور پر حملے کی منصوبہ بندی پہلے سے کر رکھی تھی۔ واقعے کے حالات، محرکات اور ممکنہ روابط کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ٹھوس اور ڈیجیٹل شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب متعلقہ ایئرلائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اس لیے فی الحال اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث معاون پائلٹ عمانی شہری ہمام الحمامی ہے۔

حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات اور تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد ہی حملے کے محرکات اور دیگر ممکنہ پہلوؤں کے بارے میں حتمی معلومات سامنے آسکیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button