متحدہ عرب امارات نے”فلائی دبئی”واقعہ کو دہشتگردی قراردیدیا

دبئی (جانو ڈاٹ پی کے)دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کو معاون پائلٹ کی جانب سے مبینہ طور پر ہائی جیک کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم سینیئر پائلٹ کی مزاحمت اور عملے کی بروقت مداخلت سے طیارہ تباہ ہونے سے بچ گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش نے واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے طیارے کے بھارتی نژاد پائلٹ سمت مچھر کی بہادری کو سراہا۔رپورٹ کے مطابق معاون پائلٹ نے چاقو سے سینیئر پائلٹ پر حملہ کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے اور ان کے سر سے خون بہنے لگا، تاہم انہوں نے طیارے کا کنٹرول حملہ آور کے حوالے نہیں کیا۔شدید زخمی ہونے کے باوجود سینیئر پائلٹ نے کاک پٹ کا دروازہ کھول دیا، جس کے بعد مسافروں اور عملے کے ارکان نے اندر داخل ہوکر مبینہ حملہ آور معاون پائلٹ کو قابو کرلیا۔واقعے کے دوران عملے میں شامل دیگر دو پائلٹس نے طیارے کا کنٹرول سنبھال لیا اور پرواز کو ہنگامی طور پر سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔



