کوٹ لکھپت جیل میں قیدی کی ہلاکت، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بھی معطل

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) کوٹ لکھپت جیل میں قیدی کی ہلاکت کے معاملے پر محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو کامران مقبول کو بھی معطل کر دیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو سینٹرل جیل لاہور کو مبینہ نااہلی، غفلت اور خلافِ ضابطہ طرزِ عمل پر معطل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 6 اہلکاروں کو بھی معطل کیا جا چکا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے دوران ایک قیدی جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوئے تھے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل خانہ جات میں متعدد تقرر و تبادلوں کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ احکامات کے مطابق فضل الٰہی کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو سینٹرل جیل لاہور، حافظ محمد رضوان کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ جیل جھنگ جبکہ آصف مرتضیٰ کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو سینٹرل جیل فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو سینٹرل جیل ڈی جی خان شہزاد احمد کو انسپکٹوریٹ آف پریزن پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جیلوں میں انتظام و انصرام بہتر بنانے اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔



