’’میری اہلیہ کو بھی کتے نے کاٹا تھا‘‘چیف سیکریٹری سندھ کا بڑا انکشاف

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ کو بھی کتے نے کاٹا تھا، تاہم ایک نجی اسپتال میں سگ گزیدگی کے کیس سے نمٹنے کی مناسب سہولت اور تربیت نہ ہونے کے باعث انہیں وہاں علاج فراہم نہیں کیا جاسکا، بعد ازاں انڈس اسپتال کراچی میں ان کا علاج کیا گیا اور ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین دی گئی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے یہ بات انڈس اسپتال کراچی میں عالمی یومِ ریبیز 2026 کے حوالے سے منعقدہ سیمینار اور ایک ماہ طویل آگاہی مہم کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سیکریٹری صحت طاہر حسین سنگی سمیت متعلقہ حکام اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔
سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ ریبیز سے بچاؤ کے لیے بروقت طبی امداد اور بیماری سے متعلق مناسب آگاہی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں ویکسین لگوانے کے باوجود ریبیز کے باعث 6 افراد جاں بحق ہوئے، جن کے کیسز کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ ویکسین لگنے کے باوجود اموات کیسے ہوئیں۔
چیف سیکریٹری کے مطابق ریبیز کے کیسز میں اضافے کی ایک وجہ زیادہ کیسز کا رپورٹ ہونا بھی ہے، جبکہ عوام میں بیماری سے متعلق آگاہی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو 2030 تک ریبیز سے پاک کرنے کے عالمی ہدف کے حصول کے لیے اقدامات کررہی ہے اور اس مقصد کے لیے بروقت علاج، ویکسین کی دستیابی اور عوامی آگاہی کو مزید مؤثر بنانا ضروری ہے۔



