لیاری یونیورسٹی میں بڑا فیصلہ، وزیراعلیٰ سندھ نے وائس چانسلر کا استعفا مسترد کردیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر ڈاکٹر حسین مہدی کا استعفا مسترد کرتے ہوئے انہیں عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ نے جمعے کی صبح اپنے دفتر میں لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر حسین مہدی سے ملاقات کی، جو تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے لیاری یونیورسٹی کی مجموعی صورتحال پر وائس چانسلر کا مؤقف تفصیل سے سنا اور جامعہ کی بہتری کے لیے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں یونیورسٹی میں گھوسٹ ملازمین سمیت دیگر مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی بات ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وائس چانسلر کو استعفا دینے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے اور جامعہ کی بہتری کے لیے مزید مؤثر انداز میں کام کرنے کی ہدایت کی۔دوسری جانب وائس چانسلر کا استعفا مسترد ہونے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے مختلف الزامات ثابت ہونے پر برطرف کیے گئے سابق ملازمین سے کسی قسم کی بات چیت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق برطرف ملازمین کے احتجاج میں کئی روز تک شریک رہنے والے یونیورسٹی ملازمین کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ اس اقدام کا مقصد جامعہ میں تعلیمی ماحول برقرار رکھنا اور اکیڈمک ایکسیلنس کو یقینی بنانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button