دہشت گردی پر سیاست نہیں چلے گی، خواجہ آصف کا کے پی حکومت سے دوٹوک سوال

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے سے واضح سوالات اٹھائے ہیں۔خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی سہولت کاری کے الزامات کو سیاست کے پیچھے چھپ کر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے دہشت گردی کے بیانیے میں مبینہ ابہام اور صوبائی پولیس کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق اٹھائے گئے سوالات کا حوالہ دیا

وزیر دفاع نے کہا کہ ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، تو صوبائی حکومت کو بھی اس حوالے سے آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں صوبائی پولیس کی صلاحیت بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیوں نہیں کیے جا رہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے سے تقریباً چارج شیٹ پیش کردی ہے اور پیغام واضح ہے کہ موجودہ طرزِ عمل مزید قابل قبول نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے یکم اکتوبر کی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ریاست کی ترجیح ہے اور اسے کسی کی سیاست کی نذر نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے دہشت گردی کے بیانیے میں مبینہ ابہام اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے معاملے پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button