ورلڈ کپ2027کے شیڈول کا اعلان ،14ٹیمیں مدمقابل،پاکستان اوربھارت کا ایک ہی گروپ بن گیا

کیپ ٹاؤن (جانو ڈاٹ پی کے) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے گروپس اور مکمل شیڈول کے اعلان کے لیے کیپ ٹاؤن میں خصوصی تقریب منعقد کی جا رہی ہے، جس میں اگلے سال جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے میگا ایونٹ کی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

آئی سی سی کے مطابق 2027 کا ورلڈ کپ 14 ٹیموں کے درمیان 57 میچز پر مشتمل ہوگا اور مقابلے جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کے 12 وینیوز پر کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 2 اکتوبر 2027 کو ہوگا جبکہ فائنل 21 نومبر 2027 کو شیڈول ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے نیا تین مرحلوں پر مشتمل فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 14 میں سے کم درجہ بندی رکھنے والی تین ٹیمیں سپر سیریز کھیلیں گی اور اس مرحلے کی فاتح ٹیم مین گروپ مرحلے میں پہنچے گی۔

اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں 6 ٹیمیں ہوں گی۔ دونوں گروپس سے تین، تین بہترین ٹیمیں جبکہ دونوں گروپس میں چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں میں سے بہترین ٹیم سپر 7 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

سپر 7 مرحلے میں 7 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ پہلے نمبر کی ٹیم کا مقابلہ چوتھے نمبر کی ٹیم سے جبکہ دوسرے نمبر کی ٹیم تیسرے نمبر کی ٹیم سے سیمی فائنل کھیلے گی، اور فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

اب تک پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور زمبابوے ورلڈ کپ میں جگہ بنا چکے ہیں۔ باقی چار ٹیموں کا فیصلہ 2027 کے کوالیفائرز کے ذریعے ہوگا۔ نمیبیا میزبان ہونے کے باوجود آئی سی سی فل ممبر نہ ہونے کی وجہ سے خودکار طور پر کوالیفائی نہیں کرتی۔

مزید خبریں

Back to top button