سانحہ پمز: اندراج مقدمہ کی درخواست پر دلائل مکمل، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سانحہ پمز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ آصف نے وکیل ریاض حنیف راہی کی جانب سے دائر اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران پولیس نے درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔

درخواست گزار ریاض حنیف راہی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پمز واقعہ سب کے سامنے ہے اور اس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیراعظم کی جانب سے کس قانون کے تحت انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی اور مؤقف اختیار کیا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

وکیل نے مزید کہا کہ جاں بحق بچوں کی دیت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی، جبکہ ایک نرس کو ایک کروڑ روپے انعام دیا گیا۔ ان کے مطابق پولیس قانون کے بجائے حکومتی پالیسی کے تحت کام کر رہی ہے۔

سماعت کے دوران جج راجہ آصف نے استفسار کیا کہ کیا اسی نوعیت کی کوئی درخواست کسی دوسری عدالت میں بھی زیر سماعت ہے۔ ریاض حنیف راہی نے بتایا کہ اندراج مقدمہ سے متعلق کوئی دوسری درخواست دائر نہیں، تاہم کارروائی کے حوالے سے 5 رٹ پٹیشنز دائر کی گئی ہیں۔

عدالت نے درخواست گزار کو تمام رٹ پٹیشنز کے نمبرز فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تفصیلات ملنے کے بعد درخواست پر حکم جاری کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button